نئی دہلی،30/جولائی (ایس او نیوز/ آئی این ایس انڈیا) ملک کی دوسری سب سے بڑی سیاسی پارٹی اور کبھی عام آدمی پارٹی کی سب سے بڑی مخالف مانے جانے والی کانگریس بھی آخر کار دہلی میں کیجریوال حکومت کے کاموں کی قائل ہو گئی ہے۔کانگریس حکومت والے دو ریاست مدھیہ پردیش اور پڈوچیری کے وزرائے تعلیم نے منگل کو دہلی کے نائب وزیر اعلی اور وزیر تعلیم منیش سسودیا کے ساتھ دہلی حکومت کے اسکولوں کا دورہ کیا اور تعلیم کے میدان میں کئے گئے کاموں کی تعریف کی۔مدھیہ پردیش کے وزیر تعلیم ڈاکٹر پربھرام چودھری نے کہاکہ یہ تعلیم کا معاملہ ہے اس میں یہ بات اہم نہیں ہے کہ کس کی حکومت ہے یا کس کی نہیں ہے۔جب میں وزیر تعلیم بنا اس وقت یقینی طور پر میں نے سنا تھا کہ دہلی میں منیش جی نے تعلیم میں اچھا کام کیا ہے تو میں نے اپنے افسروں کو پہلے بھیجا تھا۔تو منیش جی کا میرے پاس فون آیا تھا تو مجھے خوشی ہوئی۔میں بھی چاہتا تھا کہ دہلی میں تعلیم پر جو کام ہوا اس کو دیکھوں۔مجھے خوشی ہوئی کہ انہوں نے مجھے خود دعوت دی ہے۔ آج ہم ایک دو اسکولوں میں گئے اور دیکھ رہے ہیں کہ انہوں نے جو کام کیا ہے وہ یقینی طور پر قابل ستائش کام ہے۔کیا مدھیہ پردیش کی کانگریس حکومت دہلی جیسا تعلیم کا ماڈل اپنے یہاں نافذکرے گی؟ اس سوال کے جواب میں چودھری نے کہا کہ دہلی اور مدھیہ پردیش کی صورتحال مختلف ہے دہلی میں تقریباً1000 سرکاری اسکول ہیں جبکہ مدھیہ پردیش میں تقریبا ڈیڑھ لاکھ۔لیکن اگر کہیں کوئی چیز اچھی ہوتی ہے تو یقینا ہر کوئی اس سے سیکھتا ہے اور سیکھنے کے بعد کیا ہم اس طرح کر سکتے ہیں اس پر ہم لوگ غور کریں گے۔پدچیری میں بھی کانگریس کی حکومت ہے۔پدچیری کے وزیر تعلیم تو دہلی کے سرکاری اسکول میں چل رہے ہیپی نیس کریکلم سے اتنے متاثر نظر آئے کہ اگلے سیشن سے اپنے یہاں کے اسکولوں میں بھی نافذکرنے کا اعلان کر دیا۔ پدچیری کے وزیر تعلیم کملا کنن نے کہاکہ تین ماہ قبل ہم نے اپنے ڈائریکٹر اور ٹیم کو ہپی نیس کریکلم کے بارے میں اسٹڈی کرنے بھیجا تھا اور وہ اس کی تیاری کر رہے ہیں۔آنے والے سیشن میں ہم اس کو اپنے یہاں نافذکرنے کی کوشش کریں گے۔کانگریسی ریاستوں کے وزیر تعلیم کی جانب سے کھل کر تعریف سے دہلی کے نائب وزیر اعلی اور وزیر تعلیم کافی خوش نظر آئے۔انہوں نے کہاکہ الگ الگ ریاستوں کے وزرائے تعلیم کو مدعو کرنے کا مقصد صرف یہ نہیں ہے کہ ہم کچھ اچھا کررہے ہیں تو اس کو آپ کاپی کر لیجئے۔ہمارا مقصد یہ ہے کہ اگر کچھ اچھا دہلی میں ہو رہا ہے تو اس سے سیکھا جا سکتا ہے کچھ اچھا آپ کی ریاستوں میں ہو رہا ہو گا تو اسے سیکھا جا سکتا ہے اور اچھے سے اچھا سیکھ کر ہم پورے ملک میں بچوں کو بہترین تعلیم دے سکیں۔آپ کو بتا دیں کہ 16 سے 31 جولائی تک دہلی حکومت کے اسکولوں میں ہپی نیس جشن چل رہا ہے جس کے تحت دہلی حکومت ملک کے بڑے اور نامی لوگوں کو اپنے اسکولوں میں لا کر اپنا کام دکھا رہی ہے۔